شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 2 جوان شہید، 2 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 2 جوان شہید ہو گئے فائل فوٹو شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 2 جوان شہید ہو گئے

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے گاؤں چارخیل کے قریب دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شیر زمان اور سپاہی محمد جواد شہید ہوئے۔

یاد رہے کہ 12 نومبر کو شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوا جس میں ایک جوان زخمی بھی ہوا۔

دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں میں سپاہی ساجد، سپاہی ریاست اور سپاہی بابر شامل تھے۔

25 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہی شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین جاں بحق جبکہ پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کے لیے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store