تربیلا ڈیم میں کشتی الٹنے سے 50 سے زائد افراد ڈوب گئے

  • اپ ڈیٹ:
 تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی الٹ گئی فائل فوٹو تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی الٹ گئی

خیبرپختونخوا میں واقع تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے سے متعدد افراد ڈوب گئے، ہلاکتوں کا اندیشہ ہے ، پاک فوج کی ٹیم ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ آج بروز بدھ صبح 11 بجے کے قریب ناڑہ امازئی تھانے کے حدود میں برگ کے مقام پر پیش آیا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈوبنے والی کشتی پر 50 سے 60 افراد سوار تھے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ڈوبنےوالےمسافروں کونکالنےکیلئےپاک فوج کی مددطلب کرلی گئی ہے، ریسکیو ٹیم غازی بیس سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کشتی طورغر سے ہری پور جا رہی تھی اور راستے میں ممکنہ طور پر بھنور میں پھنس کر الٹ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ڈوبنے والے افراد مقامی دیہات سے تعلق رکھتے ہیں۔

کشتی الٹنے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دس کے قریب افراد کو بچایا ہے جبکہ تین افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں جن ایک دس سالہ بچی بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ طورغر اور اس کے قریبی علاقوں کے لوگ موسمِ گرما میں تربیلا ڈیم میں پانی آنے کے بعد ہری پور تک رسائی کے لیے کشتیوں کا استعمال کرتے ہیں کیونکہ پانی پر سفر کا دورانیہ سڑک کے مقابلے میں کم ہے۔ ان کشتیوں پر لوگ اپنے مویشیوں کو بھی خریدوفروخت کی غرض سے ساتھ لے جاتے ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والی کشتی پر بھی مویشی موجود تھے۔

جس جگہ کشتی ڈوبی اس کے اردگرد پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں تک کا زمینی راستہ بہت دشوار گزار ہے جبکہ کشتی میں بھی وہاں پہنچنے میں چار سے پانچ گھنٹے کا وقت درکار ہے۔

install suchtv android app on google app store