گالیاں دینے والا جیل جائے گا، نواز شریف

نواز شریف فائل فوٹو نواز شریف

سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کو صادق و امین قرار دینے والے جج صاحبان کو سلام پیش کرتے ہیں جبکہ گالیاں دینے والا جیل جائے گا۔

ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ ہری پور سمیت پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھادوں اور موٹروے بناؤں، ہم نے عوام کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا دلایا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن مجھے عوام کی خدمت کا صلہ نہیں ملا بلکہ الٹا بیٹے سے تنخواہ لینے کا الزام لگا کر مجھے نااہل قرار دے دیا گیا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ عدالتی لاڈلہ جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، وہ جس اسمبلی سے تنخواہ لیتا اور جس کے لیے الیکشن لڑتا ہے اسی پر لعنت بھیجتا ہے، لیکن دوسروں کو گالیاں دینے والا خود جیل جائے گا، عمران خان کہتے تھے ہم پورے ملک کو بدل دیں گے لیکن پاکستان کے ایک صوبے خیبرپختون خوا کو تبدیل نہیں کرپائے، وہ بتائیں کہ 4 سال کے عرصے میں بجلی کے کتنے کارخانے لگائے، کتنے اسکول بنائے، ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ کرنے والے مجھے 200 درخت دکھادیں۔

install suchtv android app on google app store