شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے: وزیرداخلہ احسن اقبال

وزیرداخلہ احسن اقبال وزیرداخلہ احسن اقبال

وزیرداخلہ احسن اقبال نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے،، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑا نقصان نہیں ہوا، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔۔

وزیرداخلہ احسن اقبال نے زرعی ڈائریکٹوریٹ حملے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گورنر خیبر پختونخوا اور انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔ انہوں نے دہشتگرد حملے کے شہدا اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان بھی کیا۔

دشمنوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے، پاکستان کا امن و استحکام تباہ کرنے کے درپے دہشت گردوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، وزیرداخلہ نے امن دشمنوں کو واضح پیغام دے دیا۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے خیبرپختونخوا پولیس اور فوج کو خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی پر فخرہے تاہم دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو یکجا ہونا پڑےگا، دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گا۔

وزیر داخلہ نے جاں بحق افرادکے ورثا کیلئے دس دس لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا،، ان کا کہنا تھا کہ شدید زخمیوں کو پانچ لاکھ اور معمولی زخمیوں کو دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

اس سے قبل گورنر ہاؤس پشاور میں سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ایگریکلچر ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی،، اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ اور گورنر نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کرنے پر فورسز کے اقدامات کو سراہا،، ان کا کہنا تھا کہ فورسز کی بروقت کارروائی سے قوم کو بڑے سانحہ سے بچایا گیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے،، اجلاس میں وزیرداخلہ احسن اقبال، گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا، انجینئر امیرمقام اور سیکورٹی اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

install suchtv android app on google app store