پشاور: خودکش حملے میں ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور شہید

ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور فائل فوٹو ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور

پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش حملے کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی  ہیڈکوارٹر محمد اشرف نور اور ان کا ایک محافظ شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ چاروں زخمی اہلکاروں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اشرف نور گھر سےآفس جارہے تھے کہ تاتارا پارک کے قریب خودکش حملہ آور نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

سی سی پی او طاہر خان کے مطابق خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا اور اس نے اپنی موٹرسائیکل ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کی گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔

سی سی پی او کے مطابق حیات آباد فیز 2 میں زرغونی مسجد کے قریب خودکش حملہ کیا گیا ۔

دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور اور ان کا ایک محافظ موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

سی سی پی او طاہر خان کا کہنا ہے کہ اشرف نور کے لئے کوئی مخصوص تھریٹ نہیں تھا۔

دھماکے کی زد میں آنے والی پولیس کی دوسری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 4 زخمی اہلکاروں کو منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

شہید ایڈیشنل آئی جی کے زخمی ڈرائیور ذیشان کا کہنا ہے کہ ' ہم دفتر جارہے تھے کہ راستے میں کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا ہوا، گاڑی کی اگلی نشست پر اے آئی جی صاحب کا محافظ اور پچھلی نشست پر وہ خود بیٹھے تھے۔

دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اشرف نور کمانڈنٹ ایلیٹ فورس جبکہ وہ صوبے میں مختلف اہم عہدوں پر بھی اپنی خدمات دے چکے تھے۔

install suchtv android app on google app store