پاک افغان سرحد محفوظ بنانے کے لیے باڑ لگانے کا عمل شروع

پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے اور دہشت گردوں کی نقل و حمل روکنے کے لیے موثر عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت پاک ۔ افغان بارڈر پر سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایات کی روشنی میں پاک افغان سرحد پر مرحلہ وار باڑ لگانے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور پہلے مرحلے میں حساس ترین ایجنسیوں باجوڑ، مہمند اور خیبر ایجنسی پر باڑ لگانے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ ایجنسیوں اور بلوچستان سے منسلک پاک ۔ افغان سرحد پر باڑ لگائی جائے گی، باڑ کے علاوہ پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) خیبر پختونخوا سرحد پر نئے بارڈر پوسٹ اور قلعے تعمیر کر رہی ہے جن سے دفاع اور نگرانی مزید موثر ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق محفوظ سرحد دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور بہتر سرحدی سکیورٹی نظام دیرپا امن اور استحکام کے لیے مفید ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی مشرقی سرحد ہندوستان اور مغربی سرحد افغانستان کے ساتھ لگتی ہے، دونوں جانب ہی پاک فوج کو نہایت مستعدی دکھانی پڑتی ہے، مشرقی سرحد پر ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے فوجی جوانوں کے ساتھ ساتھ عام آبادی بھی نشانہ بنتی ہے۔

دوسری جانب مغربی سرحد پر افغانستان کی جانب سے بارڈر سیکیورٹی موثر نہ ہونے سے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ہوتی ہے، کیونکہ پاک فوج کے آپریشنز کے باعث ان کو سرحدی علاقوں سے بھاگنے پر مجبور کر دیا گیا تھا، اب وہ مبینہ طور پر افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store