وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ، 12 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز فائل فوٹو سیکیورٹی فورسز

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 19 اور 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران 12 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔  شدید فائرنگ کے دوران ملک کے 6 بہادر سپوتوں نے جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 19 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پاکستان افغانستان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حمل کا سیکیورٹی فورسز کو علم ہوا جس پر دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

دوسری جھڑپ، جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آئی جس میں خوارج کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا جو کہ ناکام بنا دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم، شدید فائرنگ کے دوران ملک کے 6 بہادر سپوتوں نے جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔

علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store