سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پرحملے کی کوشش کی، چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر نےکہا تھا سیکیورٹی فورسز نے خیبرکےعلاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر یہ آپریشن کیا، ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام بھی شامل تھا، آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، اس دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
اس سے قبل 19 اگست کو باجوڑ میں خوارجی کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا تھا، آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ خارجی دہشت گردوں نے 18 سے 19 اگست کی رات کو پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کو باجوڑ میں ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔