سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز فائل فوٹو سیکیورٹی فورسز

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عام علاقے کوٹ اعظم میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے سے دیگر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا جب کہ 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والوں میں پنجاب کے ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ نائیک محمد عتیق اور اٹک سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک رجب علی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سپاہی وقاص علی شاہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی باسط علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

install suchtv android app on google app store