وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف پشاور پہنچ گئے، پشاور پولیس لائنز کے زخمیوں کی عیادت

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پشاور پہنچ گئے جہاں وزیراعظم نے پولیس لائنز دھماکے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔

پشاورمیں خودکش حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر پشاور پہنچے جہاں انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور پشاور پولیس لائنز کے زخمیوں کی عیادت کی۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم نے واقعے پر ہنگامی اجلاس اور تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کرلیا ہے۔

مریم اورنگ زیب کے مطابق امن و امان سے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس دہشت گردی کے آج کے واقعے کے محرکات پر غور کرے گا، اجلاس میں واقعے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکے پر آئی جی پر برہم ہوگئے اور ان سے پوچھا کہ خود کش حملہ آور پولیس لائنز میں کیسے داخل ہوگیا ؟ پولیس لائنز میں داخلے کا ایک ہی گیٹ ہے، حملہ آور کہاں سے آیا؟

آئی جی معظم جاہ انصاری بے جواب دیا کہ پولیس لائنز میں فیملی کوارٹرز بھی ہیں، ہوسکتا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی اندر رہ رہا ہوں، تحقیقات کر رہے ہیں کہ واقعہ کیسے پیش آیا اور حملہ آور کیسے اندر داخل ہوا؟

قبل ازیں پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآنی تعلیمات کے منافی ہے۔ اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔ قوم اپنے شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورت حال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے۔ وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔ وزیراعظم نے پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کے شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store