شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، پاک فوج کا سپاہی شہید

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ فائل فوٹو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں اور پاک فوج کے دستوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا۔

تاہم آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سپاہی شاہزیب امتیاز نے بہادری سے لڑنے کے بعد جام شہادت نوش کیا، ان کی عمر 25 سال تھی اور وہ کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

 

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا، آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

 

install suchtv android app on google app store