جنوبی وزیرستان میں دھماکے سے پاک فوج کا سپاہی شہید

39 سالہ حوالدار محمد سانور فائل فوٹو 39 سالہ حوالدار محمد سانور

خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دھماکے سے پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا جبکہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو نشانہ بنایا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں پاک فوج کا قافلہ پر دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے کی زد میں آیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں پنجاب کے ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار محمد سانور نے شہادت پائی۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ علاقے میں کارروائی کی جارہی ہے تاکہ علاقے میں کوئی دہشت گرد موجود ہے تو اس کا قلع قمع کیا جائے۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گرد ہلاک

آئی ایس آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 17 مئی 2022 کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کی شناخت دہشت گرد محمد الطاف کے نام سے ہوئی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھا۔

install suchtv android app on google app store