مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل ہوئے13 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرگیا، قابض بھارتی فوج کے مظالم اب بھی جاری

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو فائل فوٹو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو

مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل ہوئے تیرہ ماہ تیرہ روز گزر گئے، سری نگر میں چار کشمیریوں کی شہادت پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے، کاروباری مراکز بند ہیں۔ مظاہروں کو روکنے کے لیے قابض فوج نے سری نگر سمیت مقبوضہ کشمیر کرفیو مزید سخت کر دیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل ہوئے تیرہ ماہ تیرہ روز ہو چکے ہیں۔ قابض فوج آئے روز مظلوم کشمیریوں کو ظلم کا نشانہ بنا رہی ہے۔

گزشتہ روز سری نگر کے علاقے میں چار کشمیریوں کی شہادت پر وادی میں مظاہرے جاری ہیں۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی مظالم کے خلاف وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ محاصرے کی آڑ میں غیر قانونی حراست کے دوران معصوم کشمیری نوجوانوں کی شہادت گھناؤنا عمل ہے۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس مطالبہ کرتی ہے کہ بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے بھارتی فورسز کی ان گھناؤنی کارروائیوں کی تحقیقات کریں۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے محاصرے کے دوران کئی کشمیریوں کے گھروں کو بھی جلا دیا۔

کورونا وبا کے دوران بھی شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں۔

حریت کانفرنس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ طاقت کے ذریعے ان کی جدوجہد آزادی کی تحریک کو نہیں دبایا جا سکتا۔ کشمیریوں کا بھی ایک ہی نعرہ ہے، ہم لے کر رہیں گے آزادی۔

install suchtv android app on google app store