ڈوگرہ فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادت کو 89 برس بیت گئے مگر اندوہناک واقعے کی یاد اب بھی تازہ

یومِ شہدائے کشمیر دنیا بھر میں منایا جارہا ہے فائل فوٹو یومِ شہدائے کشمیر دنیا بھر میں منایا جارہا ہے

ڈوگرہ فوج کے ہاتھوں ایک ہی وقت میں (22)بائیس نوجوانوں کی شہادت کے اندوہناک واقعے کو (89)نواسی برس بیت گئے، تکمیل اذاں کی خاطر جان قربان کرنے والے وادی کے باسیوں کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے کشمیری یوم شہداء منا رہے ہیں، حریت قیادت کی کال پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔

تیرہ جولائی 1931ء وہ خونی دن جب سفاک ڈوگرہ فوج نے سری نگر میں بائیس کشمیریوں کو نماز ظہر کی ادئیگی کے لیے اذان دینے کے باعث شہید کر دیا، ڈوگرہ فوج کی گولیاں برستی رہیں، مردان حر تکمیل اذاں کی خاطر جام شہادت نوش کرتے رہے حتی کہ بائیس نوجوان شہید ہو گئے۔

نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ وادی کشمیر کی جدوجہد آزادی کا نقطہ آغاز بن گیا، کشمیری ڈوگرہ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ تب سے لے کر آج تک دنیا بھر میں مقیم کشمیری تیرہ جولائی کو یوم شہداء کے طور پر مناتے ہیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں آرٹیکل تین سو ستر کا خاتمے کے بعد یوم شہداء کی عام تعطیل کو ختم کر کے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔چھبیس اکتوبر کو یوم الحاق قرار دے دیا گیا، یہ وہی دن ہے جب ڈوگرہ راج نے مقبوضہ وادی کو بھارتی فوج کے ہاتھوں چند سکوں کے عوض فروخت کیا تھا۔

گزشتہ سال اگست سے مظالم کی انتہا کر دی گئی، نوے لاکھ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر جبری پابندیاں عائد کر دیں، چپےچپے پر بھارتی اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا، چھاپوں گرفتاریوں اور قتل عام کا لامتناہی سلسلہ چل نکلا، خواتین کی عصمت دری سمیت ادویات اور خوراک کی مصنوعی قلت پیدا کر کے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کی ناکام کوششیں کی گئیں۔ قابض فوج کی کارروائیوں میں تا حال ایک لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

ہٹلر کے پیروکاروں نے وادی میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی کے لیے ظالمانہ قوانین رائج کیے، اسرائیل کی طرز پر پچیس غیر مقامی افراد کو غیر قانونی طور پر ڈومیسائل جاری کر دیے گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی اشتعال انگیزی اور انسانیت کی بدترین تذلیل کے واقعات اقوام عالم کے لیئے لمحہ فکریہ ہیں، مسئلہ کشمیر آج بھی اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر حل طلب ہے ،لیکن عالمی ضمیر مجرمانہ خاموشی اپنائے ہوئے ہے۔

install suchtv android app on google app store