آر ایس ایس کی انتہا پسند مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہی ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا مظفرآباد میں تقریب سے خطاب اسکرین گریب وزیراعظم عمران خان کا مظفرآباد میں تقریب سے خطاب

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچے اور اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید مذمت کی۔

وزیراعظم عمران خان مظفرآباد میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ میں نے دنیا کو آر ایس ایس اور ان کے مظالم سے آگاہ کیا، یہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی طرف جارہے ہیں، آر ایس ایس والے ہٹلر کی نازی پارٹی کو رول ماڈل سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی آر ایس ایس کی پیداوار ہے، مودی نے گجرات میں بھی مسلمانوں پر ظلم کیا ،خواتین سے زیادتیاں کی گئیں، بھارت کی 8 لاکھ فوج 80 لاکھ کشمیریوں پر منصوبہ بندی سے ظلم کررہی ہے، بھارت اور آر ایس ایس کی انتہا پسند مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 12 لاکھ کشمیریوں کو آزاد کشمیر میں صحت کارڈ ملے گا،جو ایل او سی پر مشکل زندگی گزار رہے ہیں ان کی مدد کرنے پر فخر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام سے ایک لاکھ 38 ہزار خاندان کو پیسے ملیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مودی ایک عام آدمی نہیں ہے یہ آر ایس ایس کی پیداوار ہے، جو مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ ہی ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا، میں نے کہا تھا میں کشمیر کا سفیر بنوں گا، میں نے دنیا کو بتایا کہ آر ایس ایس کون ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہندوستان میں اصل میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے، مودی اصل میں تباہی ہندوستان کی کر رہا ہے،، یہ لوگ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو طاقت سے ڈرا رہے ہیں، ان کے ظلم سے کشمیر کی موومنٹ دوبارہ سے اوپر آجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پڑھے لکھے عوام بھی سمجھ رہے ہیں کہ مودی تباہی کی طرف ملک کو لے کر جارہا ہے ، بھارت خوف اور دہشت پھیلا کر ڈرانے کی کوشش کررہا ہے ، بھارت اپنی اس کوشش سے کشمیریوں کو ڈرا نہیں سکتا ، مقبوضہ کشمیر کے حالات تمام دنیا کے سامنے لے کر جاؤں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر ہر ملک کے سربراہ کو آگاہ کرتا ہوں، ہم نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں اٹھایا ، پوری دنیا کی میڈیا کی توجہ تھی، کشمیر کا کاز دنیا بھر میں اٹھ رہا تھا کہ ایک صاحب آزادی مارچ لے کر آگئے، آزادی مارچ نے کشمیرکاز کو نقصان پہنچایا، ہم دوبارہ دنیا بھر میں کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بھی آزاد کشمیر کا بجٹ بڑھایا ہے کم نہیں کیا، آزاد کشمیر، فاٹا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کا بجٹ بڑھائیں گے ، 5 اگست تک ہم دوبارہ سے کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہری شہد اور زخمی ہوچکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store