پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران کا پیغام

  • اپ ڈیٹ:
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے فائل فوٹو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے

یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کو یقینی بنائے۔

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، رواں سال 5 اگست کو بھارت نے ایک اور مذموم قدم اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت کا حصہ بنایا اور اس کے بعد سے وادی میں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ رواں سال یوم سیاہ ماضی کی نسبت مختلف اور نمایاں ہے، 5 اگست کے اقدام نے آبادیاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کر دیا ہے۔ پاکستان، کشمیریوں اور مسلم امہ نے قانون اور انصاف کے اس تمسخر کو مسترد کیا، دوسری طرف بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

انھوں نے پیغام میں کہا 3 ماہ سے ذرائع ابلاغ کے مکمل بلیک آؤٹ سے مقبوضہ وادی بڑی جیل میں بدل گیا، مقبوضہ کشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے، وادی میں ادویات اور اشیائے خور و نوش کی شدید قلت ہے، ہزاروں افراد جابرانہ حراست میں لے لیے گئے ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو اغوا کر کے نا معلوم مقام پر قید کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک جاری ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کر گئی ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں جبر کو ختم کرنے کا کہہ رہے ہیں، نام نہاد بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

انھوں نے پیغام میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، ذرائع ابلاغ کے بلیک آؤٹ کے خاتمے، بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کی منسوخی کا مطالبہ کرتا ہے، عالمی برادری امن و سلامتی کو لا حق خطرات کو روکنے میں کردار ادا کرے، ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store