بھارت کا غیر قانونی تسلط مسترد کرتے ہوئے دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں

  • اپ ڈیٹ:
دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں فائل فوٹو دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں جس کا مقصد دنیا کی توجہ اس بات کی طرف مبذول کرانا ہے کہ انہوں نے مادروطن پر بھارت کا غیر قانونی تسلط مسترد کردیا ہے جو اس نے 1947ءمیں آج ہی کے دن قائم کیا تھا۔

یہ وہ دن تھا جب بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں داخل ہوئی اور کشمیریوں کی امنگوں اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں اپنا تسلط قائم کرلیا۔ دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق آج کشمیریوں کی اپنے خودارادیت کے حق کے حصول کیلئے 72سالہ جدوجہد کو اجاگر کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا جائیگا۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بھارت سے مطالبہ کریگی کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے متعلق اپنے وعدے پورے کرے۔ مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں اور سیمیناروں کے انعقاد سمیت متعدد پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی مشنوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے پروگرام منعقد کریں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، مقامی ارکان پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس اور دوسری شخصیات کو ان پروگراموں میں مدعو کیا جائے۔ 

آزاد کشمیر میں کشمیر لبریشن سیل، حریت اور مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام ریاست کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں احتجاج اور مظاہرے کئے جائیںگے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی ہدایت پر اضلاع اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے یوم سیاہ منانے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا۔ یوم سیاہ کے حوالے سے بڑی تقریب دارالحکومت مظفرآباد میں ہوگی۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان تقریب کی صدارت کریںگے تقریب کے اختتام پر ایک ریلی بھی نکالی جائیگی۔آزاد کشمیر کے تینوں ریڈیو سٹیشن یوم سیاہ کے سلسلے میں خصوصی پروگرام نشر کریںگے۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے سلسلے میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جہاں پہلے ہی گزشتہ تراسی روز سے مکمل ہڑتال ہے۔ سید علی گیلانی کی سربراہی میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے کہا ہے کہ وہ آج سرینگر کے لال چوک کی جانب مارچ کریں اور وہاں دھرنا دیں تاکہ دنیا کو یہ باور کرایا جاسکے کہ کشمیریوں کو اپنی بقاکیلئے ٹیلی مواصلات کے ذرائع کی ضرورت نہیں ہے۔

 

install suchtv android app on google app store