بھارت کی بلااشتعال شدید فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید 2 خواتین زخمی، تفصیل جانیے اس خبر میں

  • اپ ڈیٹ:
پاک فوج کا جوان شہید تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر پاک فوج کا جوان شہید

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹرز پر بھارت کی بلااشتعال شدید فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ، مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے۔

پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس سے بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمت ولی شہید جبکہ ایل او سی کے سریاں گاؤں کی 2خواتین زخمی ہوگئیں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کی خاتون جاں بحق ہو گئی تھیں۔

اس سے قبل 3 اکتوبر کو آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ بھارتی فوج کی جانب سے حاجی پیر سیکٹر میں آرمی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

اس سے قبل اگست میں پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا۔

install suchtv android app on google app store