بھارت انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان پر ایک اور حملہ کر سکتا ہے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی فائل فوٹو محبوبہ مفتی

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اورپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بی جے پی اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے اور انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان پر ایک اور حملہ کرسکتی ہے۔

مقبوضہ کشمیرمیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ بھارت میں نریندرامودی کی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے اس لیے بھارت عام انتخابات میں ووٹر کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے بالا کوٹ جیسا ایک اور حملہ پاکستان پر کر سکتا ہے جب کہ اس سلسلے میں بالخصوص مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو مرعوب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ ووٹرز کو متوجہ کرنے کے لیے پاکستان کو نقصان پہچانے کی بات ہو یا پھر مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کا بڑھتا ہوا مظاہرہ ہو، یہ سب کچھ انتخابا ت میں کامیابی کے لیے ہی ہے۔

سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہی بی جے پی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوچکا ہے۔ پورے بھارت میں عوام بے چین ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور معیشت خوفناک حد تک تنزلی کا شکارہے۔

بی جے پی کی کشتی ڈوب رہی ہے اسے بچانے کے لئے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی ووٹوں کے لیے فرقہ ورانہ فسادات کروانے کی کوشش میں ناکام ہوئی توبالا کوٹ پرحملے کا ڈرامہ رچایا۔

install suchtv android app on google app store