بھارتی فورسز کی تازہ کارروائیاں، مزید 7 کشمیری جاں بحق

بھارتی فورسز کی تازہ کارروائیاں، مزید 7 کشمیری جاں بحق بھارتی فورسز کی تازہ کارروائیاں، مزید 7 کشمیری جاں بحق

بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں تازہ کارروائیوں میں 7 کشمیری جاں بحق ہوئے جس کے بعد وادی بھر میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ جھڑپوں میں بھارتی فورسز نے ضلع کلغام میں تین مسلح افراد اور ایک شہری کو ہلاک کردیا جو مبینہ طور پر شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔

بھارتی فورسز کی تازہ کارروائی کے بعد سیکڑوں کشمیریوں نے مذکورہ علاقے کی جانب سے بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے مارچ کیا اور فورسز پر پتھراؤ بھی کیا جس کے جواب میں بھارتی فورسز نے پیلٹ گنز، آنسو گیس کے علاوہ فائرنگ بھی کی۔

مقامی پولیس سربراہ شیش پال وید نے کہا کہ 'دو شہری اس وقت مارے گئے جب وہ تصادم کی جگہ پہنچے تھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ تصادم کے دوران ایک فوجی بھی زخمی ہوا تھا جو ملٹری ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ایک ہی دن میں 20 کشمیری کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد تازہ واقعے میں 7 افراد کو مارا گیا ہے۔

کشمیری دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف آزادی کی تحریک چلارہے ہیں اور اکثریت پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں جبکہ بھارت فورسز کے ذریعے تحریک کو دبانے کی کوشش کررہا ہے جس کے دوران اب تک ہزاروں کشمیری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں دن کے آغاز میں سری نگر کی سب سے بڑی یونیورسٹی میں طلبا کی جانب سے بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جبکہ شہر میں تمام دکانیں بھی بند تھیں۔

بھارتی فوجیوں کی جانب سے تازہ کارروائی سے قبل بھی حالات میں کشیدگی تھی کیونکہ رواں ہفتے ہی اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ دوماہ قبل جنوری میں 8 سالہ بچی کو ریپ کے بعد قتل میں دو پولیس اہلکار ملوث تھے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس بھی بہت زیادہ قتل و غارت ہوئی تھی اور بھارتی فورسز نے 'آپریشن آل آؤٹ' کے نام سے مبینہ طور پر دہشت پھیلانے کے الزام میں 200 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

install suchtv android app on google app store