پاک فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کا آزاد کشمیر انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں: ممبر الیکشن کمیشن

انتخابات فائل فوٹو انتخابات

ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر فرحت علی میر کا کہنا ہےکہ پاک فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کا آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر فرحت علی میر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن ہمیشہ سے اہم رہے ہیں، 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں انتخابات کا دن ہے، پاکستان کے مختلف صوبوں کے 12 حلقوں میں کشمیریوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا 2018 میں فیصلہ ہوا تھا کہ دیگر صوبوں میں رہنے والے کشمیری مہاجرین کو ووٹ کا حق دینا چاہیے، کشمیری مہاجرین کو آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ لینے کا پورا حق ہے۔

فرحت علی میر کا کہنا تھا کہ 12 حلقوں کی اہمیت اتنی ہی ہے جتنی آزاد کشمیر میں حلقوں کی ہے، پاکستان میں ایک ایک دو دو ووٹوں پر مبنی بھی پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، حلقوں میں الیکشن کمیشن پاکستان اپنے آفیسرز تعینات کرتے ہیں جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں 829 پولنگ اسٹیشنز حساس ہیں، یقین دہانی کرواتے ہیں کہ سکیورٹی کو ہر پولنگ اسٹیشن میں یقینی اور یکساں بنائیں گے، آزاد کشمیر کے جوڈیشل آفیسرز اور دیگر سرکاری ملازمین انتخابی عملے میں شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دوران امن و امان کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ قرارداد پاس کی کہ پاک فوج الیکشن کے دوران آئے، پاک فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کا پولنگ عمل میں کوئی تعلق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود جلسے میں شرکت کے حوالے سے ممبر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سے متعلق ریٹرننگ آفیسر کی شکایت سے چیف الیکشن کمشنر نے اتفاق نہیں کیا، چار لوگ جن کے بارے میں آر او کی رپورٹ آئی تھی اس پر ٹرائل کیا جانا چاہیے تھا جو نہیں ہوا، الیکشن کمیشن نے رپورٹ واپس بھجوائی ہے تاکہ سیشن جج ٹرائل کریں۔

فرحت علی میر نے بتایا کہ 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ووٹرز آزاد کشمیر انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کریں گے، الیکشن میں17 لاکھ سے زائد مرد اور 14 لاکھ سے زائد خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

install suchtv android app on google app store