گلگت بلتستان الیکشن میں کامیاب 5 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل

تحریک انصاف گلگت میں اکثریتی جماعت بن گئی فائل فوٹو تحریک انصاف گلگت میں اکثریتی جماعت بن گئی

گلگت بلتستان الیکشن میں کامیاب ہونے والے 5 آزاد امیدوار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہوگئے۔

گلگت بلتستان کےکامیاب 5 آزاد امیدواروں نے گورنرہاؤس گلگت میں پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔

پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد میں جی بی اے 9 اسکردو 3 سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار وزیرسلیم ، جی بی اے 10 اسکردو 4 سےآزاد امیدوار راجہ ناصر، جی بی اے 22 گانچھے 1 سےآزاد امیدوار مشتاق حسین، جی بی اے 23 گانچھے 2 سے آزاد امیدوار عبدالحمید اور جی بی اے5 نگر 2 سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار جاوید منوا شامل ہیں۔

خیال رہےکہ 15نومبر کو گلگت بلتستان کےانتخابات میں 23میں سے7 حلقوں میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے تھے جب کہ تحریک انصاف کے 9 امیدوار کامیاب ہوئے تھے اور آزاد امیدواروں کی شمو لیت کے بعد پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی صرف حکومت نہیں بلکہ مضبوط حکومت بننے جارہی ہے۔

مراد سعیدکا کہنا ہےکہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت والی جماعت بن گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی محرومی کی وجہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ہیں، ان دو جماعتوں نے گلگت بلتستان کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،دونوں کی نا اہلی کی وجہ سے لوگوں نے ان کو مسترد کردیا۔

install suchtv android app on google app store