کورونا وائرس کی دوسری لہر: گلگت بلتستان میں تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند

گلگت بلتستان: تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند فائل فوٹو گلگت بلتستان: تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر اسکولز کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام تعلیمی ادارے 17 سے 23 نومبر تک بند رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے باعث احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے اسکولوں کو بند کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالجز اور اسکولز کو پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کیا گیا جہاں عوام کا رش رہا، تعلیمی اداروں میں مکمل صفائی،اسپرے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے بعد کھولا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومتی ہدایت پر تمام اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب تعیلمی اداروں میں تدریسی عمل جاری رکھنے یا تعطیلات سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے کے لیے موخر کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے متعلق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں فوری تعطیلات سے متعلق فیصلے کو قومی رابطہ کمیٹی کو بھیجا گیا تھا۔

اس سے قبل بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صدارت میں ہوا تھا، جس میں کورونا کی صورت حال پر غور کیا گیا تھا۔ چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں فوری تعطیلات پر غور کیا گیا تھا اور نومبر سے جنوری تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

اجلاس میں سندھ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر نے فوری تعطیلات کی تجویز کی حمایت جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے مخالفت کی تھی، جس کے بعد بندش سے متعلق حتمی فیصلہ سات روز کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store