گلگت بلتستان الیکشن؛ الیکشن سے قبل دھاندلی کا الزام باعث تشویش ہے، چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان فائل فوٹو چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ اہم پارٹی رہنما کی طرف سے وفاق میں بیٹھ کر الیکشن سے قبل دھاندلی کا الزام لگانا باعث تشویش ہے۔

اپنے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ الیکشن ہوں گے، تمام پارٹیوں کے سربراہان نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات کا عمل کسی صورت درست نہیں ہے۔ انتخابات سے قبل ایسے الزامات غیر جانبدرانہ انتخابات کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے ہیں۔ انتخابات 2020 کا انعقاد ہر صورت آزاد اور غیر جانبدار ہوگا.

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا ہے گلگت کی تاریخ میں پہلی دفعہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کو سراہا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز کا کہنا تھا کہ انتخابات سے متعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا۔ کسی بھی امیدوار کو اہل یا نا اہل کرنا عدالتی معاملہ ہے۔ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے سربراہان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان نے گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

نگراں وزیراعلیٰ میر افضل نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں فوج کی مدد نہیں لی جائے گی، الیکشن میں صرف پولیس، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور رینجرز کو تعینات کریں گے اور ثابت کریں گے کہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز الیکشن کرانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف ضرورت پڑنے پر فوج کو طلب کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات بغیر فوج کے کرا کے ملک میں مثال قائم کریں گے، نگران حکومت غیر جانبدار ہے۔ حساس حلقے میں فوج کی تعیناتی حالات کے مطابق عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اسمبلی الیکشن تک وزیر اعظم سمیت تمام حکومتی عہدیداروں کے دورے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

install suchtv android app on google app store