ایڈیشنل آئی جی پولیس شہید اشرف نور اسکردو میں سپردخاک

پشاور میں امن دشمنوں کے وار میں شہید ہونے والے پولیس کے سنئیر افسر شہید محمد اشرف نور کو اسکردو میں ہزاروں سوگواروں نے آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کر دیا،، شہید کی نماز جنازہ میں عسکری و سول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پشاور حیات آباد سانحے میں شہید ہونے والے پولیس کے دلیر افسر ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کے جسد خاکی کو خصوصی طیارے کے ذریعے سکردو لایا گیا۔ جہاں پولیس گراونڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

شہید کی نماز جنازہ میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود ملک، برگیڈ کمانڈر چوہدری اظہر منیر اور اعلیٰ سول و فوجی حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،،شرکاء نے شہید پولیس افسر اشرف نور کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ کے بعد پولیس جوانوں کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

شہید کے پسماندگان میں دو بیوائیں سمیت چھے بیٹے، تین بیٹیاں اور ایک بھائی شامل ہیں،، شہید کے بچوں نے اپنے والد کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سلامتی اور استحکام
کے لئے قربانی کے اس سلسلے کو جاری رکھنے کے عزم بھی اظہار کیا۔

پاکستان کی ترقی کے دشمنوں نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔ تاتارا پارک کے قریب گاڑی کے قریب ٹارگٹڈ دھماکے سے ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور اور ان کے ڈرائیور بھی موقع پر شہید ہوئے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دھماکے کی سخت مذمت کی۔ایک بیان میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

وزیراعظم نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک تمناؤں کاا ظہار کیا۔

اطلاعات ونشریات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نےکہاہےکہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ہماری قربانیاں اس عفریت کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے پشاور میں خود کش دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی دہشت گردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے دشمن دہشتگردی کی ان مذموم کارروائیوں کےذریعے ہماری ترقی اور خوشحالی کےعمل کوروک نہیں سکے۔انہوں نے واقعہ میں ایڈ یشنل انسپکٹر جنرل پولیس اشرف اور ان کے محافظ کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہر ے دکھ اور افسوس کااظہارکیا۔

install suchtv android app on google app store