وزیر اعظم کا گلگت بلتستان کا دورہ، سیلاب متاثرین کے لئے 10 کروڑ روپے امداد کا اعلان

وزیر اعظم کا گلگت بلتستان کا دورہ فائل فوٹو وزیر اعظم کا گلگت بلتستان کا دورہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی آبادکاری کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف گلگت بلتستان کے علاقے بوبر، غذر کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے بارش و سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کو غذر میں بارشو ں اورسیلاب سے ہونےوالے نقصانات اورامدادی کارروائیوں پربریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کوبتایا گیا کہ یہاں17 افراد جاں بحق ہوئے ، 249 گھرتباہ ہوئے جب کہ 794مویشی لقمہ اجل بن گئے ہیں اس کے ساتھ وسیع زرعی اراضی اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گاؤں بوبرمیں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے متاثرین کو سیلاب کی وجہ سے درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور انتظامیہ کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعظم نے متاثرین کی آبادکاری میں بھرپورتعاون کرنے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف نے گلگت اور غذر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا۔

اپنے دورے کے دوران انہوں نے گلگت میں ششپر گلیشیئر ہنزہ کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے۔

انہوں نے بے گھر افراد کے گھروں کی تعمیر کے لیے دس کروڈ روپے جبکہ جاں بحق افراد کے لیے فی کس دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے مقامی لوگوں کے مطالبے پر 5 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کرنے کے احکامات دیے۔

انہوں نے نے فصلوں ،درختوں اور مال مویشی کے ہونے والی نصان کا معاوضہ سروے رپورٹ کے بعد دینے کا یقین دلایا۔

وزیراعظم کے ایک روزہ دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ اور سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن بھی شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم نے سیلاب کے دوران خاندان کے 8افراد کو کھودینے والے باپ، بیٹی سے بھی ملاقات کی۔

وزیر اعظم 5 بیٹیوں ایک بیٹا ،بیوی اور ماں کو کھو دینے والے گھر کے سربراہ نو شیر خان اور انکی واحد زندہ بچ جانے والی پندرہ سالہ بیٹی سحر سے ملے اور سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

 

install suchtv android app on google app store