کچھ لوگ کورونا اور ویکسینیشن سے متعلق غلط پروپیگنڈا کررہے ہیں: قبلہ ایاز

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز فائل فوٹو اسلامی نظریاتی کونسل کے چیرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ کورونا وبا انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے جبکہ کچھ لوگ کورونا اور ویکسینیشن سے متعلق غلط پروپیگنڈا کررہے ہیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز اورعلمائے کرام نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر قبلہ ایاز کا کہنا تھاکہ کورونا وبا کی تیسری لہر پہلی اور دوسری لہر سے زیادہ خطرناک ہے، کورونا وبا انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرچکی ہے، عوام کو کورونا وبا کے معاملے کی حساسیت کا مکمل ادراک ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وبا میں احتیاط عین شرعی تقاضا ہے، تراویح مسنون عمل ہے، گھروں میں بھی ادا کی جاسکتی ہے لہٰذا تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ عبادات کے دوران کورونا ایس او پیز پرعمل یقینی بنائیں، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔

قبلہ ایاز کا کہنا تھاکہ جس علاقے میں وبا پھوٹ پڑے وہاں جانے سے گریز کیا جائے، بچوں کو مساجد نہ بھیجا جائے، عوامی جلسوں سے گریز کریں جبکہ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کی بجائے صرف سلام کرنا بہتر ہے لہٰذا ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کی روایات فی الحال ترک کردی جائیں۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ کچھ لوگ کورونا اور ویکسینیشن سے متعلق غلط پروپیگنڈا کررہے ہیں اور ویکسین پر شکوک پیدا کرنے والے لوگ انسانیت سے کھیل رہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store