رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، کل بروز بدھ ملک بھر میں پہلا روزہ ہو گا

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد فائل فوٹو چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد

رمضان المبارک 1442ء ہجری کا چاند نظر آگیا اور کل پشاور سمیت ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے پریس کانفرنس میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں مطلع صاف تھا جہاں سے متعدد شہادتیں موصول ہوئیں جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو، کل پاکستان میں طویل عرصے بعد پوری قوم ایک دن روزہ رکھنے جارہی ہے اور انشااللہ عید بھی ایک ہی دن منائے گی۔

وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پہلے ہی پیشن گوئی کردی تھی کہ آج رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا اور ملک بھر میں بدھ کے روز ایک ہی دن پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا آج وہاں پہلا روزہ ہے جب کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے مسجد الحرام میں نماز تراویح کی اجازت دیدی ہے۔

install suchtv android app on google app store