این سی او سی نے کورونا ایس او پیز کی پابندیوں میں توسیع کر دی

این سی او سی فائل فوٹو این سی او سی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا ایس او پیز کی پابندیوں میں 13 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا ایس او پیز کی پابندیوں میں 13 اپریل تک توسیع کی گئی۔

اجلاس میں رمضان المبارک میں ویکسی نیشن پلان پربھی گفتگو ہوئی۔ رمضان المبارک سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اجلاس 12 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے۔


این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ایس او پیز پر عمل سے متعلق امور پر غورکیاجائے گا، اپریل کے وسط تک ویکسین بھی کافی مقدار میں آئے گی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 100 اموات اور 5 ہزار 139 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 329 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد7 لاکھ 15 ہزار 968 ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 73 ہزار 78 ہے اور 6 لاکھ 27 ہزار 561 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار 908 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 523، خیبر پختونخوا 2 ہزار 586، اسلام آباد 601، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 395 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 64 ہزار 902، خیبر پختونخوا 97 ہزار 318، پنجاب 2 لاکھ 45 ہزار 923، سندھ 2 لاکھ 68 ہزار 284، بلوچستان 20 ہزار 178، آزاد کشمیر 14 ہزار 260 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 103 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store