کسی کو نہیں معلوم ملک کا وزیر خزانہ کون ہے، شاہد خاقان عباسی

کسی کو نہیں معلوم ملک کا وزیر خزانہ کون ہے، شاہد خاقان عباسی فائل فوٹو کسی کو نہیں معلوم ملک کا وزیر خزانہ کون ہے، شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر ان کے اپنے ہی اراکین کو اعتماد نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، جب تک ملکی نظام آئین کے تحت نہیں چلے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت گرانے سے کچھ نہیں ہوتا، جہانگیر ترین پر سیاسی مقدمات بنائے گئے، کوئی بھی تحریک اصولوں کے بغیر نہیں چل سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چھٹا چیئرمین آگیا ہے، کسی کو نہیں معلوم ملک کا وزیر خزانہ کون ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کا بل 2 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار پر پہنچ گیا ہے، جہانگیر ترین کے ساتھ 40 سے زیادہ حکومتی لوگ تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں 29 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی تھی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق جہانگیر خان ترین نے اس طرح اپنا پاور شو کیا کیونکہ ان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں ایک ایسے وقت میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی شریک ہوئے ہیں کہ جب ان کی پارتی قیادت سے ناراضگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ روز ہی جہانگیر خان ترین اوران کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں 8 اراکین قومی اسمبلی، دو صوبائی وزرا اور چار صوبائی مشیران سمیت 21 اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store