پی آئی اے نے بین الاقوامی سطح پر اہم کامیابی حاصل کر لی

قومی ایئر لائن فائل فوٹو قومی ایئر لائن

قومی ایئر لائن نے کامیابی کے ساتھ آیاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ (IOSA) کی رجسٹریشن کی تجدید کر لی۔

 آیاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ تنظیم (IOSA) نے پی آئی اے کی آڈٹ کے نتائج کو کامیابی کے ساتھ حل اور مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد پی آئی اے کی رجسٹریشن مزید 2 سال تک کار آمد رہے گی۔

اس اہم حفاظتی سند کی تجدید کے لیے ہر 2 سال بعد بیرونی آڈٹ ہوتا ہے، یہ سیفٹی آڈٹ ایاٹا کی جانب سے کیا جاتا ہے اور پی آئی اے کا شمار کامیابی سے ایاٹا کے قوانین کی پابندی کرتے ہوئے سند یافتہ ایئر لائنز میں ہوتا ہے۔

گزشتہ ایک سال میں در پیش چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے پی آئی اے نے 2 آڈٹ کروائے، جن میں سے پہلے کا دائرہ کار محدود تھا، جب کہ دوسرا تفصیلی آڈٹ آپریشنز، فلائٹ سروسز (کیبن آپریشنز)، کوالٹی اشورنس، سیفٹی منیجمنٹ، سیکیورٹی سروسز، انجینئرنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ، فلائٹ ڈسپیچ، اور کارگو آپریشنز پر محیط ایک مکمل اسکوپ آڈٹ تھا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے ایئر لائن کے کارکنان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا IOSA رجسٹریشن کا تسلسل اور کامیابی کے ساتھ حصول حفاظتی امور کی ترجیح کی ایک مثال ہے۔

انھوں نے کہا پی آئی اے حفاظتی امور پر کبھی سمجھوتا نہیں کرتی اور پہلی ترجیح مسافروں کو محفوظ سفر کی فراہمی ہے، ادارے کے کارکنان کی ادارے کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششیں بھی مثالی ہیں۔

سی ای او نے مزید کہا اچھی خبریں جلد ہی سامنے آئیں گی اور ہم سب سے قابل اعتماد اور محفوظ ترین ایئر لائن کے طور پر سامنے آئیں گے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اس اہم کامیابی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ سال کے دوران پاکستان میں ہوا بازی کے شعبے میں مزید بہتری اور ترقی ہوگی۔

install suchtv android app on google app store