مسلم لیگ، پیپلز پارٹی کی سیاست میں تبدیلی سے عمران خان کو فائدہ ہوگا: وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید فائل فوٹو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے متعلق کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائین فش ہوگئی اور ساتھ ہی پیش گوئی کی کہ پیپلز پارٹی نے نیا مؤقف اختیار کرلیا ہے اور مسلم لیگ (ن) میں بھی نئی باتیں سامنے آرہی ہیں اس لیے دونوں پارٹیاں اپنی سیاست میں ہمہ گیر تبدیلیاں کرنے جارہی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس تبدیلی کے باعث سارا فائدہ وزیر اعظم عمران خان کو ہوگا۔

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر معاہدے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ کل ان کی وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے، ان سے ہمارا معاہدہ ہے ناموس رسالت ﷺ کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم عمران خان مہنگائی کے خلاف اقدامات کی نگرانی کرنے کا خود کہہ رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ سارے چور اندر جائیں گے۔

شیخ رشید نے اُمید ظاہر کی کہ جب وزیر اعظم عمران خان اشیائے ضروریات کی قیمتوں کے معاملات دیکھیں گے تو کسی مافیا کی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ رمضان المبارک میں عوام کا خون چوسے۔

ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ جب تک بھارت، مقبوضہ کشمیر سے متعلق 5 اگست 2019 کے فیصلے کو واپس نہیں لیتا اس سے تجارت نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کا پسینہ بہے گا وہاں پاکستانیوں کا خون بہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کی سیاست کا محور، زندگی اور موت کا سوال ہے، بھارت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر پر مذاکرات شروع نہیں ہوجاتے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اگر پاک بھارت سرحد پر تعینات جرنلز مل کر فیصلہ کرتے ہیں کہ کوئی کسی پر گولہ باری نہیں کرے گا تو یہ اچھی بات ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ معاملہ یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر کوئی بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'ہمیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی بات پر یقین کرنا چاہیے جو کہہ رہی ہیں کہ وہ بیرون ملک نہیں جارہیں'۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت کو مریم نواز کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکلوانے سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیسٹ کے طور پر وزیر اعظم سے پوچھا تھا کہ اگر مریم نواز ای سی ایل سے اپنا نام نکلوانے کے لیے درخواست دیں؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان نے کوئی لچک نہیں دکھائی تو وزارت ان کو جانے کی اجازت نہیں دے گی، اول تو انہوں نے درخواست دی ہی نہیں۔

install suchtv android app on google app store