پریزائیڈنگ افسر کا فیصلہ جلد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے, بلاول بھٹو

بلاول بھٹو فائل فوٹو بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر کا فیصلہ جلد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے، ہائیکورٹ سے انصاف کی امید ہے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں عشائیہ دیا گیا جس میں پیپلزپارٹی رہنما، سینیٹرز اور وکلا نے شرکت کی، بلاول بھٹو نے عشائیے میں چیئرمین سینیٹ انتخابات پر گفتگو کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ غلط تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ کچھ اپوزیشن سینیٹرز نے جان بوجھ کر غلط مہر لگائی، کسی سینیٹرز نے غلط مہر نہیں لگائی، مجھے اپوزیشن کے تمام سینیٹرز پر اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹری سینیٹ کی ہدایت کے مطابق خانے میں کہیں بھی مہر لگانی تھی، اپوزیشن کے تمام سینیٹرز نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب کا معاملہ واٹر گیٹ کی طرح ایک بڑا اسکینڈل ہے، پارلیمان کے ذریعے ہم حکومت کا خاتمہ کرسکتے ہیں، کامیابیاں برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پارلیمان سے مستعفی نہ ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان سے استعفے دینے یا نہ دینے کا معاملہ اہم ہے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلے کریں گے۔

install suchtv android app on google app store