پی ڈی ایم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے اپنا مشترکہ امیدوار کا اعلان کر دیا

 پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کی قیادت فائل فوٹو پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کی قیادت

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار نامزد کر دیئے گئے۔

ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق جے یو آئی نے مولانا عبد الغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کیا تھا جس کی منظوری سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے دی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے والے ناکام ہوں گے جب کہ پی ڈی ایم کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ وہ ہمارے ڈپٹی چیرمین سینٹ بن جائیں۔

مزید جانیے: جے یو آئی ف کوحکومت کی جانب سے بڑی پیشکش

صحافی نے مولانا عبدالغفور حیدری سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایوان بالا میں ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن12 مارچ کو ہوگا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین کیلئے یوسف رضاگیلانی کا انتخاب کیا ہے۔

حکومت نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو میدان میں اتارا ہے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے نام پر ابھی مشاورت جاری ہے۔

حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے متحرک ہیں اور میل ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تین مارچ کو ہوئے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک نے پاس خیبر پختونخوا سے10، سندھ 2، اسلام آباد ایک اور پنجاب کی 5 سیٹوں پر انتخابات جیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مجموعی نئی نشستیں 18 ہیں۔

نئی 18 اور پرانی8 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس12، ایم کیو ایم3، مسلم لیگ ق1، جی ڈی اےکا ایک اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔ سینیٹ میں مجموعی طور پرحکومتی اتحادکے ارکان کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب20 سیٹوں کے ساتھ پیپلز پارٹی ایوان کی دوسری بڑی پارٹی ہے۔ مسلم لیگ کے پاس18 سیٹیں، جمعیت علمائےاسلام5، عوامی نیشنل پارٹی4، بلوچستان نیشنل پارٹی( مینگل)2، پشتونخوا میپ کے 2، نیشنل پارٹی کے 2 اور 2 آزاد ارکان اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔

install suchtv android app on google app store