آج بھی 2018 کے الیکشن مسترد کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں: مولانا فضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اسکرین گریب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے اگست 2018 کو اسی جگہ مظاہرہ کرکے 2018 کے الیکشن کو متفقہ طور پر مسترد کیا تھا اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے پر تاخیر احتجاج کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ حکومت منتخب ہے اور نہ ہی اسے ملک پر حکومت کرنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی بے بس الیکشن کمیشن جو منصفانہ انتخابات کراسکی اور طاقتور اداروں نے انتخابات پر قبضہ کیا، انہوں نے نتائج مرتب کیے اور قوم پر ایک ڈفلی بجانے والے کو مسلط کردیا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نااہل افراد پر مشتمل حکومت بنائی گئی اور اس کے پیچھے طاقتور ادارے کھڑے ہیں جو اصل حکمران ہیں، یہ ہی ان کا مقصد تھا۔

پی ڈی ایم کے صدر نے دعویٰ کیا کہ 'یہ یہودی ایجنٹ ہے اور اسے وہاں سے مدد حاصل ہے'۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 'اسرائیل اور بھارت کے فنڈز سے انتخابات لڑے ہیں اور اسی پر اپنی پارٹی تشکیل دی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ' یہ وہ پیسہ ہے کہ جس کے بارے میں 2013 کے الیکشن کے بعد بتایا گیا کہ اتنا پیسہ ہے کہ اگلی کوچے تک پہنچے گے، ایک ایک مسجد تک جائے گا، ایک ایک مولوی کے پاس جائے گا اور مولانا فضل الرحمٰن تم تنہا رہ جاؤ گے اور مولوی بھی ساتھ کھڑا نہیں ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'خیبرپختونخوا میں حکومت کو ایک مولوی ایسا نہیں ملا جس نے 10 ہزار روپے وظیفہ قبول کرنے کی حامی بھری ہو'۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہر ایک مولوی نے پیسہ ان کے منہ پر مارا اور اب پھر اعلان کیا گیا کہ مولوی کو پیسہ دیں گے'۔

انہوں کہا کہ 'میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم تمھارا پیسہ تمھارے منہ پر مارتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 6 سال سے تاخیر کا شکار ہے جبکہ دوسرے فیصلوں میں فوری انصاف کا تقاضہ کرتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ایک طرف ملک معاشی بحران کا شکار ہے تو دوسری طرف دوست ممالک ملک کی خارجہ پالیسی سے خفا ہیں کہ چین اور سعودی عرب، متحدہ عرب امارات بھی ہم پر اعتماد نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک افغانستان اور ایران، بھارت کے کیمپ میں چلے گئے ہیں، اس خارجہ پالیسی کے ساتھ پاکستان کو کیسے آگے لے کر چلیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے مودی کی ایما پر کشمیر کا سودا کیا ہے اس لیے 5 فروری کو 'کشمیر فروشی' کے خلاف مظاہرہ ہوگا اور اس بنیاد پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 5 فروری کو ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر پر مظاہرے کرنے ہیں اور راولپنڈی لیاقت باغ میں بہت بڑا مظاہرہ کریں گے۔

خطاب کے آکر میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اب 5 فروری کو ملیں گے، جب تک ان کا جنازہ نہیں نکلیں گے اور مولوی جنازہ پڑھ کر ہی چھوڑتا ہے، ہم ان کا جنازہ پڑھ کر ہی چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا وزیر داخلہ شیخ رشید کو مخاطب کرکے کہا کہ 'دینی مدارس کے طلبہ عاقل بھی ہیں اور بالغ بھی اس لیے ان کا بھی قانونی حق ہے جس طرح شیخ رشید طالب علمی کے دور میں جلسوں میں ڈانس کیا کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دینی مدارس سے کیوں ڈرتے ہیں، ایک طرف کہتے ہو کہ دینی مدارس قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، جب وہ پاکستان کی مثبت سیاست میں جانا چاہتے ہیں، تو آپ کہتے ہیں کہ وہاں بھی نہ آئیں'۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی تھی اور اگر راستہ نہ کھولتی تو کنٹینر اٹھا کر پھینک دیتے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم احتجاج کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر احتجاج کرنے جائیں گے کہ جو اپنے آپ کو حکمران جماعت کہتی ہے اس نے نے جو اپنے اثاثے چھپائے ہیں اور اس کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے دائر مقدمے کو 6سال ہو چکے ہیں اور ڈیڑھ سو پیشیاں ہوئی ہیں لیکن حکومت مسلسل درخواستیں دے کر اسے التوا کا شکار کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی جماعت نے خفیہ دستاویزات اور بینک اکاؤنٹس اس کو بھی اب ظاہر نہیں کیا ہے اور سب کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ پاکستان دشمن قوتوں کی طرف سے بھی جو امداد آئی ہیں اور جو پاکستان اور قومی سلامتی کے خلاف استعمال ہو سکتے ہیں، یہ سب چیزیں اپنی جگہ بہت اہمیت کی حامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے آج اپنا مسئلہ قوم کی عدالت میں رکھ کر الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرنا ہے اور یہ بتانا ہے کہ وہ آخر ایک مقودمے کو عمداً کیوں تاخیر کا شکار بنا رہے ہیں اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیوں نہیں کررہے۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم بہت پرجوش ہیں، پتہ نہیں آپ باڈی لینگویج کو کس حوالے سے دیکھتے ہیں، ہم بڑے محتاط لب و لہجے میں گفتگو کررہے ہیں، ہم آئین و قانون کے دائرے میں بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت بڑا ہجوم جمع ہے، پارٹی کے ورکرز اور عوام آئے ہوئے ہیں اور وہ اس احتجاج میں پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

شبلی فراز کی جانب سے راستے کھولنے کے بیان پر جمیعت علمائے اسلام(ف) کے رہنما نے کہا کہ اگر وہ راستے نہ کھولتے تو ہم کنٹینر اٹھا کر باہر پھینک دیتے، وہ راستہ روک ہی نہیں سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 5 فروری کو پنڈی بھی جا رہے ہیں جہاں ہمارا کشمیر فروشی اور کشمیریوں سے یکجہتی کے حوالے سے بڑا اجتماع ہو گا۔

مولانا نے ایک سوال کے جواب میں وضاحت کی کہ ہم نے اب تک ریلیوں میں اس لیے شرکت نہیں کی کیونکہ ہمارے پہنچنے کی صورت میں ریلیوں کے پہنچنے میں تاخیر ہو سکتی تھی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سےالیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر آج ای سی پی کی عمارت کے سامنے احتجاج کیا جارہا ہے۔

حکومت کی جانب سے اس احتجاج کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی البتہ اعلان کیا گیا کہ اگر احتجاج میں شریک افراد کی جانب سے کوئی گڑبڑ کی گئی تو اس سے سختی نمٹا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store