وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ترک ہم منصب کی ملاقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ان کے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی فائل فوٹو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ان کے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی

پاکستان اور ترکی نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ان کے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین 71 نکاتی اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی غیر متزلزل حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے ترک وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او سمیت بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے ترکی کے مختلف امور پر پاکستان کی حمایت اور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

تعلیمی شعبے میں دوطرفہ تعاون کا معاہدہ

دوسری جانب پاکستان اور ترکی کے مابین تعلیمی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔

اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ میں بدھ کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے جہاں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کیے۔

اس موقع پر سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، وفاقی سیکریٹری تعلیم فرح حامد اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

install suchtv android app on google app store