ضمنی انتخابات ہوں یا سینیٹ الیکشن ہرمیدان میں حکومت کا مقابلہ کریں گے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات ہوں یا سینیٹ الیکشن، ہم ہرمیدان میں حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک نالائق اور نااہل وزیر اعظم ہم پر مسلط کیا گیا، پاکستان معاشی ترقی کی شرح میں بنگلا دیش سے بھی پیچھے ہے، آج خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے،عوام کو نااہل حکومت کی وجہ سے مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑرہا ہے، اگر وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں تو انہیں مستعفی ہونا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومتی وزرا سازش کررہے ہیں لیکن پی ڈی ایم متحد ہے، پی ڈی ایم کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت ہے، تمام فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہوں گے، ضمنی انتخابات ہوں یا سینیٹ الیکشن ہم ہرمیدان میں حکومت کاڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں، سب مل کر اس نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے اور عوامی حکومت لائیں گے۔

قومی ڈائیلاگ کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک کٹھ پتلی نظام چل رہا ہے نیشنل ڈائیلاگ ممکن نہیں، قومی ڈائیلاگ اسمبلی میں ہوسکتا ہے لیکن پہلے وزیر اعظم مستعفی اورحکومت گھر جائے۔

مچھ میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مچھ میں ہونےوالےدہشت گردی کے واقعے کی شدیدمذمت کرتے ہیں، حکومت نیشنل ایکشن پلان کو بھول چکی ہے، وفاقی حکومت سیاست کے بجائے کام پر توجہ دیتی تو اس طرح کےمسئلے نہ ہوتے۔

install suchtv android app on google app store