صدرمملکت عارف علوی نے قائداعظم محمدعلی جناحؒ کو ان کے یوم ولادت پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم پاکستان کوخوشحال بنانے کیلئے قائداعظمؒ کے نظریات پرعمل کرنے کا عہد کرتےہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظمؒ پاکستان میں اقلیتوں کےحقوق کےحامی تھے اور ہم بھی ایسی ریاست چاہتےہیں جہاں تمام شہریوں کویکساں مواقع مہیاہوں۔وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے بھی قائد محمدعلی جناح کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا قائداعظم کی مخلصانہ قیادت نے مسلمانوں کو نیاولولہ، امنگ اور عزم عطا کیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ قائداعظم نے وقت کے سامراج کو اپنے تدبر، عزم اور ثابت قدمی سے شکست دی۔ قائد اعظم اور علامہ اقبال ہمارے آئیڈیلز ہیں۔ پاکستان کو جدید، اسلامی، فلاحی جمہوری ریاست بنانے کا عزم کیے ہوئے ہیںْ
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نئے پاکستان کو ان ہی افکار سے سنوارنا چاہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نیا پاکستان قائداعظم کے خواب کی تعبیر بنے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا وہ بیسویں صدی کے عظیم اور دوراندیش قائدین میں شامل ہیں۔
قائداعظم نے مسلمانوں کی الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا، ہمیں متحد ہوکر قائداعظم کی تعلیمات پر قائم رہنے کےعزم کا اعادہ کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن قائداعظم کی انتھک جدو جہد کی یاد دلاتا ہے۔ قائداعظم محمد جناح برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم لیڈر اور محسن تھے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست قائم کرنےکاقائداعظم کا فیصلہ درست تھا۔