سپریم کورٹ کا حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس

سپریم کورٹ کا حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس File Photo سپریم کورٹ کا حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس

سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے سلمان شہبازسمیت شریک ملزمان کی عدم گرفتاری پر اظہار برہمی بھی کیا۔جسٹس یحیی آفریدی نے ر یمارکس دیے کہ میرٹ پر ضمانت نہ مانگیں یہ پہاڑ سر کرنے والی بات ہوگی۔

جسٹس مشیر عالم نے کہا حمزہ شہباز سے منصوب اکاؤنٹس کا جائزہ لیا تو مشکل ہو جائے گی، بہتر ہوگا عدالت سے میرٹ پر کوئی آبزرویشن نہ لیں۔

سپریم کورٹ نےاحتساب عدالت لاہورمیں حمزہ شہباز کیخلاف نیب مقدمات کی تفصیل طلب کرلی ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ٹرائل کورٹ میں اب تک کتنے مقدمات زیر التوا ہیں؟ بتایا جائے ٹرائل کورٹ میں حمزہ شہبازکے کیس کا کیا نمبر ہے اور ٹرائل کورٹ میں اس کا نمبر کب آئے؟

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ٹرائل کورٹ میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔ سپریم کورٹ حکم دے چکی ہے کہ نیب مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

عدالت نے سلمان شہباز سمیت دیگر شریک ملزمان کی عدم گرفتاری پر بھی اظہار برہمی کیا۔ سپریم کورٹ نے سلمان شہباز سمیت تمام مفرور ملزمان کی جائیداد ضبطگی کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

سپریم کورٹ نے استفسار کیا بتایا جائے مفرور ملزمان کی جائیداد تاحال ضبط کیوں نہیں کی گئی؟ عدالت نے جائیداد ضبطگی کی کارروائی میں تاخیر پر بھی نیب سے جواب مانگ لیا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل نیب سے استفسار کیا کہ نیب کو گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے کتنا وقت درکار ہے؟
ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ نیب 6 ماہ میں تمام گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لے گا۔

جسٹس مشیر عالم نے پوچھا کہ گواہوں کے بیانات میں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے؟ مقدمے کے دیگر ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟

جسٹس طارق مسعود نے کہا نیب کا یہی تو کام ہے ایک کو گرفتار کر کے باقیوں کو کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ آپ نے ملزم کو 2019 میں گرفتار کیاجائیدادیں ضبط کیوں نہیں ہو سکیں؟

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہدایت کی کہ نیب کے تمام زیر التوا کیسز کی تفصیل عدالت میں جمع کرائیں۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔

install suchtv android app on google app store