سیکیورٹی خطرات کیخلاف ہماری تیاری مکمل ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

سیکیورٹی خطرات کیخلاف ہماری تیاری مکمل ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر فائل فوٹو سیکیورٹی خطرات کیخلاف ہماری تیاری مکمل ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے گلوبل ویلیج اسپیس کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ڈوزیئر کے اہم نکات اجاگر کیے، اس کے علاوہ انہوں نے ایل او سی صورتحال، سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر پر بھی میجر جنرل بابر افتخار کی تفصیلی گفتگو کی۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونےکا ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، پاکستان بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بھی سامنے لایا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سنجیدہ لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر سامنے آنے پر دنیا اب بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی پر بات کر رہی ہے، تمام تر بھارتی کوششوں کے باوجود عالمی فورمز اور ذرائع ابلاغ پر بحث چل نکلی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دفتر خارجہ نے ڈوزیئر کو پی 5 میں پیش کیا، پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو پیش کیا گیا، ہم یہاں رکیں گے نہیں، عالمی سطح پر اس سنگین معاملے کو مزید آگے لے جائیں گے۔

افغان امن عمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں، ایک باقاعدہ میکنزم موجود ہے، مگر صاف بتاؤں ہم افغان حکومت کے کیپیسٹی ایشوز کو تسلیم کرتے ہیں، اس لیے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہونے پر افغان حکومت کو زیادہ الزام نہیں دیتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت افغان سرزمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں، بھارت سی پیک پر کام کرنے والی چینی افرادی قوت اور مقامی لیبر کو نشانہ بناتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان خطرات کے خلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے، اور ہم چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے خاص طور پر دو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے، اس کے علاوہ آٹھ نو ریگولر رجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے چینی شراکت دار سی پیک منصوبے کے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے، ان شاءاللہ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں پہلے دن سے پاک فوج ہرحکومتی کوشش کا حصہ ہے، این سی او سی میں فوجی اورسویلین مربوط نمائندگی ہے، یہ تجربہ بہت اچھا رہا۔

install suchtv android app on google app store