سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز کی مانگ میں اضافہ

سعودیہ میں پاکستانی ورکرز فائل فوٹو سعودیہ میں پاکستانی ورکرز

سعودی عرب کے لیے ورک ویزے کی بحالی کے بعد پاکستانی ورکرز کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ابتدائی طور پر سعودی عرب کے حکام نے پاکستان سے سات ہزار نئے ملازمین کی ڈیمانڈ کی ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی ورکرز کی ڈیمانڈ ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے کہ جب ابتر معاشی صورتحال، بیروزگاری، مہنگائی اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کاری واروں نے عام افراد کو سخت پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے۔

کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران دستیاب اعداد و شمارکے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک سے تقریباً ایک لاکھ سے زائد پاکستانی اپنی ملازمتیں ختم ہونے اور یا پھر ویزے کی معیاد ختم ہونے پر پاکستان واپس آگئے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاک ڈاون کے باعث 41 ہزار ان پاکستانیوں کو ملازمتوں سے برطرف کیا گیا تھا جو بیرون ملک موجود تھے۔

پاکستان اوورسیز ایمپلائیمنٹ اینڈ بیورو آف امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الشکور سومرو نے ایک خلیجی اخبار کو بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے اوورسیز ایمپلائیمنٹ بیورو کو پاکستانی ورکرز کی ڈیمانڈ موصول ہونے کے بعد مختلف ریکروٹمنٹ ایجنسیز نے بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ویزے کی اجازت کے بعد رواں ماہ سات ہزار سے زائد ورکرز کی ڈیمانڈ موصول ہوئی ہے جس کے بعد ریکروٹمنٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خلیجی اخبار کے مطابق اوورسیز ایمپلائیمنٹ بیورو حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ملازمت کے وسیع مواقع موجود ہیں جب کہ ذاتی ملازمین سمیت دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی ملازمین کی ڈیمانڈ بڑھی ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان اوور سیز ایمپلائیمنٹ بیورو سے ڈاکٹرز، کمپیوٹر پروگرامرز، انجینیئرز، الیکٹریشنز، سیلز مین اورڈرائیورز سمیت دیگر شعبوں میں بھرتیوں کے لیے پاکستانی ملازمین کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔

پاکستان اوورسیز ایمپلائیمنٹ کے ڈپٹی ڈائیریکٹر عبد الشکور سومرو کے مطابق کورونا کی وجہ سے جو افراد سعودی عرب روانہ نہیں ہوسکے تھے ان کے ویزے کی معیاد میں توسیع بغیر کسی اضافی فیس کے کی جارہی ہے۔

خلیجی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاون کے باعث 60 ہزار ایسے ورکرز تھے جنہیں ویزہ تو لگ گیا تھا لیکن سفری پابندیوں کے باعث ملازمت پر نہیں جا سکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد کے ویزورں میں بھی توسیع کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اخبار کے مطابق سعودی عرب کے سفارت خانے کا کہنا ہے کہ جو پاکستانی ورکرز اپنے پرانے ویزے کی منسوخی اور نیا ویزہ لگوانا چاہتے ہیں، وہ کفیل کی جانب سے سعودی وزارت خارجہ اور سعودی چیمبر آف کامرس کا تصدیق شدہ خط اور نیا میڈیکل سرٹیفیکیٹ جمع کروائیں۔

طے شدہ طریقہ کار کے تحت ورکرز اپنے سابق ای نمبر ہی نئی میڈیکل رپورٹ کے ساتھ آن لائن اپ لوڈ کریں۔

خلیجی اخبار کے مطابق کاغذات مکمل ہونے کے بعد پرانا ویزہ منسوخ ہو جائے گا اور نیا ورک ویزہ لگا کر دے دیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store