حکومتی وزرا گلگت میں جلسے کرتے رہے اس وقت کورونا نہیں پھیلا: عظمی بخاری

عظمی بخاری فائل فوٹو عظمی بخاری

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو کورونا وائرس سے زیادہ عمران خان سے خطرہ ہے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا گلگت میں جلسے کرتے رہے اس وقت کورونا وائرس نہیں پھیلا، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کورونا کیسے پھیل سکتا ہے؟

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بے آرام ہونے کا وقت ہو گیا ہے، کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی تباہی وزیر اعظم عمران خان کی مجرمانہ لاپرواہی اور غیرذمہ دارانہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ کی ’ریک لیس‘ پالیسی کا نتیجہ آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری کی شکل میں عوام بھگت رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان آپ کی ’ریک لیس‘ پالیسی نے پشاور میں 126 ارب کے گڑھے کھود دیے ہیں لیکن اب آپ کے کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا اور وہ اپنے مقررہ دن، وقت اور مقام پر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہو کر رہے گا۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب عوام آپ کی ’ریک لیس‘ سیلیکٹڈ نالائق , نااہل اور کرپٹ حکومت سے نجات چاہتے ہیں ،عمران صاحب آپ کی ’ریک لیس‘ حکومت کی ’ریک لیس‘ پالیسیوں نے قوم کو ’ریسٹ لیس‘ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسی نے پاکستان کی ترقی کی شرح منفی صفر کر دی ہے جبکہ حکومت کی قرضہ پالیسی سے قوم قرض کی تاریخی دلدل میں ڈوب گئی ہے۔

دوسری طرف پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے بھی اپوزیشن کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورت حال کے پیش نظر پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

install suchtv android app on google app store