آئندہ ہفتے انسداد زیادتی سے متعلق سخت قانون لا رہے ہیں: وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان فائل فوٹو وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کشمور واقعے میں بہادری دکھانے والے پولیس اہلکار کو فون کیا اور اسے شاباش دی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے انسداد زیادتی سے متعلق سخت قانون لا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے کشمور واقعے میں بہادری دکھانے والے پولیس اہلکار کو فون کیا اور اس سے گفتگو کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اے ایس آئی محمد بخش برڑو اور اس کی بیٹی کو شاباش دی اور کہا کہ قوم کو آپ کی بہادری پر فخر ہے۔

 

اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ محمد بخش نے پولیس کے مثبت کردار کو اجاگر کیا، تمام نقائص دور کرتے ہوئے آئندہ ہفتے زیادتی کے خلاف ایک سخت اور مجموعی قانون لا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی سے ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور بلایا گیا جہاں اسے اور اس کی 4 سالہ بیٹی کو کئی روز تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

ملزمان نے ماں کو چھوڑنے کے بعد بچی اپنے پاس رکھ لی تھی اور ماں سے مزید خواتین لانے کا مطالبہ کیا جس کے بعد متاثرہ خاتون پولیس کے پاس پہنچ گئی۔

بعد ازاں اے ایس آئی نے محمد بخش برڑو نے اپنی بیٹی سے ملزمان کی بات کروا کر انہیں جھانسہ دے کر ہوٹل پر بلوایا اور گرفتار کرلیا، ملزمان کی نشاندہی پر کمسن بچی کو بھی بازیاب کروا لیا جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

گزشتہ روز پولیس مرکزی ملزم رفیق ملک کو لے کر ایک اور ملزم کی شناخت و گرفتاری کے لیے پہنچی تو پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس میں ملزم رفیق ملک شدید زخمی ہوا، رفیق بعد ازاں اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔

install suchtv android app on google app store