پاکستان کا ترکی میں زلزلے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار

  • اپ ڈیٹ:
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی فائل فوٹو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان نے ترکی کے صوبے ازمیر میں شدید زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں حکومت اورعوام کی ہمدردیاں ترک عوام کے ساتھ ہیں اور غمزدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک صوبے ازمیر میں شدید زلزلےکا سن کر گہرا دکھ اور افسوس ہوا، پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کی نیک تمنائیں اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ بحیرہ ایجیئن میں آنے والے 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ اب تک 12 افراد کے ہلاک اور 500 سے زائد کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔

install suchtv android app on google app store