فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

قومی اسمبلی فائل فوٹو قومی اسمبلی

قومی اسمبلی: فرانس میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیر صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے متفقہ مذمتی قرارداد پیش کی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان گستاخانہ خاکوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا منتخب ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ او آئی سی اسلاموفوبیا کے خلاف 15مارچ کا دن منائے۔

اجلاس کے آغاز پر وزیرخارجہ شاہ محمودقر یشی کومائیک دینے پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پہلے مجھے مائیک دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کارروائی نہیں چلنےدیں گے، آپ زیادتی کر رہے ہیں،اس دن بھی آپ نے زیادتی کی تھی۔

بعد ازاں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کا قصہ لپیٹے جانے کا دعویٰ کردیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔ اپوزیشن کا ضبط جواب دے رہا ہے۔

ن لیگ کے پارلیمانی رہنما نے کہا کہ فیڈریشن نے سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ آئی جی کو اغوا کیا گیا۔ کراچی میں چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بھرپور ساتھ دیا۔ پھر بھی پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نہیں نکلوایا جاسکا۔

بعد ازاں پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو گستاخی فرانس میں ہوئی اس پوری دنیا میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسلمان کے لئے اس سے سنجیدہ ایشو کوئی نہیں ہو سکتا، آج اپوزیشن کی طرف سے قرارداد آئی تو کیا کوئی غیر آئینی کام کیا جائے گا۔

حکومتی بینچوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں پر لفظوں کی پیرا پھیری کی جا رہی ہے یہاں آکر پورے ایوان کو سر پر اٹھا لیا ہے۔

انہوں ںے مطالبہ کیا کہ خواجہ آصف کی پیش کی جانیوالی قراداد کو متفقہ طور پر منظور کیا جائے۔

مزید برآں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے فرانس میں تعینات پاکستانی سفیر کو واپس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔

install suchtv android app on google app store