وزراء مہنگائی کے خاتمے کو اپنا مشن بنائیں: وزیراعظم

  • اپ ڈیٹ:
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس فائل فوٹو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو مہنگائی کے خاتمے کو ہی اپنا مشن بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی پر کھل کر بحث کی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزراء کی اکثریت نے اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے پر تحفظات اور تشویش سے آگاہ کیا جب کہ وزیراعظم نے بھی چینی اور آٹے کی قیمتیں کنٹرول نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا گندم وافر مقدار میں ہے تو آٹے کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اراکین سے پوچھا کہ چینی کا اسٹاک موجود ہونے کی رپورٹس کے باوجود قیمت کم کیوں نہیں ہیں؟

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراء کو غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے تمام سرکاری محکمے اپنا ان پٹ دیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے چینی سستی کرنے کا فارمولا دینے کی پیشکش بھی کی۔

ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ گندم بھی سستی ہو سکتی ہے، متعلقہ حکام میرے ساتھ بیٹھ جائیں، دیکھتا ہوں کہ گندم اور چینی کیسے سستی نہیں ہوتی۔

ذرائع کا کہنا کہ اجلاس میں اپوزیشن کی طرف سے غیر سیاسی خواتین کو ہدف تنقید بنانے پر بھی بحث ہوئی۔

کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ مشرقی تہذیب میں بھی خواتین کے بارےمیں شائستگی کو برقرار رکھا جاتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو سیاسی خواتین کے حوالے سے بھی محتاط انداز اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کو سوات میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسد عمر کا کہنا تھا کہ جلسہ ضرور کریں لیکن ایس او پیز پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، کورونا پھر پھیل رہا ہے، احیتاط کا دامن نہ چھوڑا جائے۔

install suchtv android app on google app store