مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جوانوں کی بہترین تربیت لازم ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا نوجوانوں سے خٖطاب فائل فوٹو آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا نوجوانوں سے خٖطاب

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جوانوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے جوانوں کی بہترین تربیت اہم کرداراداکرتی ہے، مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بہترین تربیت لازم ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے بہاولپور کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بہاولپور کور نے آرمی چیف کو آپریشنل،تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔

 آرمی چیف نے جوانوں کی اسنائپر ٹریننگ کا معائنہ کیا۔ جوانوں نے 1500 میٹرتک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوَٹ پریڈ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا تھا کہ عوام، دستور، دستوری روایات اور عہد ِ وفا ہماری اصل مضبوطی اور طاقت ہے۔ آئین اور قومی مفادات تمام معاملات میں ہمارے رہنما ہیں۔


آرمی چیف نے کہا تھا کہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے دُشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو نے کے بعد دل شکستہ ہیں۔ پاکستان کوہائبرڈ وار کا سا منا ہے۔ ہائبرڈ وار کا ہدف عوام، میدانِ جنگ اور انسانی ذہن ہیں۔ ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر محاذ پر بحیثیت قوم اپنی قابلیت اور اہلیت کو کارکردگی سے ثابت کیا۔ پاکستا ن آرمی کو تمام قومی کوششوں میں شامل ہونے پر فخر ہے۔ قوم نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، بالخصوص جب ہم دُشمنوں کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے۔ میری دُعا ہے کہ پاکستان ایک خوشحال، مستحکم اور متعین مقام پر پہنچے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے۔ ہائبرڈ وار کا مقصد اِس اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے کہ پاکستان میں کچھ اچھا نہیں ہوسکتا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہو گا۔

آرمی چیف نے کہا تھا کہ ہمارے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد دل شکستہ ہیں۔ پاکستان کو ہائبرڈ وار کا سا منا ہے۔ تنقید اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم درست سِمت میں جا رہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے دہشت گردی اور 5 گنا بڑے دشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا۔ پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔

install suchtv android app on google app store