اسلام آباد ایکسپریس وے توسیعی منصوبہ، کورال سے روات کام کا آغاز

اسلام آباد ایکسپریس وے توسیعی منصوبہ، کورال سے روات کام کا آغاز فائل فوٹو اسلام آباد ایکسپریس وے توسیعی منصوبہ، کورال سے روات کام کا آغاز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ایکسپریس وے کے توسیعی منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں کہا گیا کہ ایکسپریس وے کورال سے روات منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا ہے۔
انہوں نے تحریر کیا کہ آئی جے پی روڈ کی بحالی کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے، آئی جے پی روڈ بحالی منصوبے پر آئندہ چند ہفتوں میں کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چاربڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

وزیراعظم نے جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں راول ڈیم چوک انٹرچینج، کورنگ پْل، پی ڈبلیو ڈی انٹرچینج اور آئی 15 کے ترقیاتی منصوبے کا پہلا مرحلہ شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کو اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ یہ منصوبے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی مکمل کرے گی۔

راول ڈیم چوک انٹرچینج ٹریفک کی روانی کا منصوبہ ہے جو سی ڈی اے 24 ماہ میں اپنے مالی وسائل سے مکمل کرے گا۔ کورنگ پل اور پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کے منصوبے بالترتیب 15 اور 7 ماہ کی مدت میں مکمل ہوں گے۔

ان منصوبوں کے لیے فنڈز سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام سے خرچ کئے جائیں گے۔

یہ منصوبے اسلام آباد ایکسپریس وے اور ملحقہ علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہیں۔

install suchtv android app on google app store