نواز شریف کا علاج مکمل ہو گیا تو وہ وطن واپس آئیں گے، احسن اقبال

نواز شریف کا علاج مکمل ہو گیا تو وہ وطن واپس آئیں گے، احسن اقبال فائل فوٹو نواز شریف کا علاج مکمل ہو گیا تو وہ وطن واپس آئیں گے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کا علاج مکمل ہو گیا تو وہ وطن واپس آئیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کہ ن لیگ کے ایک قائد ہیں جن کا نام نواز شریف ہے، اُن کی قیادت پر پوری پارٹی متفق ہے، نواز شریف قوم کا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے درخواست ہے اپنے علاج کو مکمل کرائیں، جب معالجین فیصلہ کریں کہ نوازشریف تندرست ہیں تو ایک لمحہ تاخیر کے بغیر وطن واپس آجائیں، نواز شریف کی صحت اور زندگی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف ملک اور قوم کا اثاثہ ہیں، ان کی زندگی اور صحت پر نہ سیاست کی جاسکتی ہے نہ سمجھوتہ، نواز شریف کے علاج سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی اور جمع کرائی جاتی رہی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام تر تسلی اور خصوصی اجازت کے بعد نوازشریف علاج کے لیے گئے ہیں، نوازشریف تفریحی یا سیاحتی دورے پر یا کانفرنس میں شرکت کے لیے نہیں گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے معالجین جوں ہی تصدیق کریں گے کہ علاج مکمل ہوگیا، وہ صحت یاب ہیں تو واپس آجائیں گے، امید کرتے ہیں عدلیہ بھی نواز شریف کے صحت کے امور کو مد نظر رکھے گی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سرینڈر کرنے کے لیے 9 روز کی مہلت دے رکھی ہے۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی ضمانت غیر مؤثر ہو چکی، نواز شریف نے بیرون ملک جانے سے آگاہ نہیں کیا، نواز شریف 10 ستمبر تک عدالت کے سامنے سرینڈر کریں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نومبر 2019 سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store