9 محرم الحرام: ملک بھر میں مجالس و جلوس کا انعقاد، سیکیورٹی سخت

اسلام آباد ، نویں محرم کا مرکزی جلوس جی 6 سے برآمد ہوگا	فائل فوٹو اسلام آباد ، نویں محرم کا مرکزی جلوس جی 6 سے برآمد ہوگا

ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا مرکزی جلوس آج نویں محرم کو سیکٹر جی سکس امام بارگاہ اثنا اشری سے برآمد ہوگیا ہے، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔

لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس عزاء خانہ پانڈ سٹریٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس اسلام پورہ مین بازار۔نیلی بار۔بابا گراونڈ اور سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائیگی جلوس رات بارہ بجے اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا عزاء خانہ پانڈو سٹریٹ میں پہنچے گا۔

پشاور میں بھی نویں محرم الحرام کا مرکزی شبیہہ زوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینہ ہال سے برآمد ہو گیا ہے۔

کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگیا ہے جب کہ جلوس سے قبل مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی فضائل اور مصائب اہلبیت بیان کیا۔

بعدازاں ختم مجلس نشترپارک سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے۔

مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔

ادھر کوئٹہ میں نویں محرم کو دوپہر ڈیڑھ بجے ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصرالعزاء سے نکالا جائے گا جو قریبی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچ کر اختتام ہوگا، اس دوران شرکا سینہ کوبی کریں گے جب کہ مجلس عزا منعقد کی جائیگی۔

بعدازاں ذوالجناح کو یوم عاشورہ کے جلوس میں شامل کرنے کے لیے مری آباد لے جایاجائے گا۔

نویں محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا اور اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store